اُڈپی:24؍ڈسمبر (ایس او نیوز) اُڈپی کے ملپے بندرگاہ سے گہرے سمندر میں مچھلی کا شکار کرنے کے لئے گئے ہوئے 8ماہی گیر لاپتہ ہونےکی خبر موصول ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق 13ڈسمبر 2018کی رات 11بجے سورنا تربھُج نامی ماہی گیرکشتی کے ذریعے ماہی گیر سمندر میں اترے تھے، مگر ان ماہی گیر وں کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے۔
اطلاع کے مطابق ماہی گیری بوٹ پر بوٹ کا مالک چندر شیکھر س،ہت، ماہی گیر دامودر ، لکشمن، ستیش ، روی ، ہریش، رمیش ، جوگیا موجو د تھے۔ماہی گیری کے لئے اُترے ہوئے ان ماہی گیروں سے 15ڈسمبر کی رات ایک بجے تک رابطہ کیا گیا تھا، مگر اُس کے بعد سے اُن سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ساحلی تحفظ دستہ کی طرف سے ماہی گیروں سے رابطہ کی کوشش جاری ہے۔ اور اس تعلق سے ملپے پولس تھانے میں کیس بھی درج کیا گیا ہے۔
لاپتہ ہونے کی خبر سابق ماہی گیر وزیر پرمود مدھوراج کو بھی دی گئی ہے اورپرمود مدھواراج نے وزیرا علیٰ کمار سوامی اور ریاستی پولس اعلیٰ افسر ڈی جی پی نیلمنی سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں واقعے سے باخبر کیا ہے ۔انہوں نے وزیراعلی سے کہا کہ حکومت اس معاملے کو سنگین مان کر ساحلی محافظ دستہ ، محکمہ پولس اور ماہی گیروں کےتعاون سے ماہی گیروں کی تلاش کے لئے ایک خصوصی دستہ تشکیل دے اور انہیں بحفاظت ساحل پرلوٹنےکا انتظام کرائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اُڈپی ایس پی اور ساحلی محافظ دستہ کے اعلیٰ افسر سے بھی فون پر بات کرتے ہوئے جانچ میں تیزی لانےکی ہدایت دی ہے۔